Time 17 دسمبر ، 2023
دنیا

حماس کا 5 روز میں 100 سے زائد اسرائیلی فوجی گاڑیاں تباہ کرنے کا دعویٰ

حماس غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج پر راکٹوں، مارٹر گولوں اور اسنائپر رائفلز سے حملے کررہا ہے/ فائل فوٹو
حماس غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج پر راکٹوں، مارٹر گولوں اور اسنائپر رائفلز سے حملے کررہا ہے/ فائل فوٹو

فلسطین کی مزاحمت پسند تنظیم حماس نے 5 روز  میں 100 سے زائد اسرائیلی فوجی گاڑیاں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے جس کیلئے حماس کے جنگجو غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج پر راکٹوں، مارٹر گولوں اور اسنائپر رائفلز سے حملے کر رہا ہے۔

حماس کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے  5 روز میں 100 سے زائد اسرائیلی فوجی گاڑیاں تباہ کیں اور متعدد صیہونی فوجی ہلاک کیے۔

دوسری جانب امریکا کی طرف سے اسرائیل کی عملی مدد جاری ہے جس کے سبب بحیرہ احمر میں حوثیوں کے 14ڈرون مار گرائے گئے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حوثیوں نے اسرائیل سے آنے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنانا چاہا تھا۔

ادھر برطانیہ بھی اسرائیل کی مدد میں پیش پیش ہے اور برطانوی جنگی جہاز نے بھی بحیرہ احمر میں مشتبہ ڈرون حملہ ناکام بنایا۔

حوثیوں کے حملوں کے بعد ڈنمارک اور فرانس کی شپنگ کمپنیوں نے بحیرہ احمر میں سروسز معطل کردی ہیں۔

یاد رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک جاری اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 19 ہزار 76 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 50 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں، شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے۔


مزید خبریں :