دنیا
Time 17 دسمبر ، 2023

کیا آپ ورک فرام ہوم کرتے ہیں؟ تو یہ 10 ممالک آپ کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہیں

ویزا گائیڈ ڈاٹ ورلڈ نامی ادارے نے یہ فہرست جاری کی / رائٹرز فوٹو
ویزا گائیڈ ڈاٹ ورلڈ نامی ادارے نے یہ فہرست جاری کی / رائٹرز فوٹو

کیا آپ فری لانسر ہیں یا کسی کمپنی کے لیے ورک فرام ہوم کر رہے ہیں، تو کیا کسی اور ملک میں منتقل ہونا پسند کریں گے؟

اگر ہاں 2024 کے لیے ایسے 10 ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے جو اس حوالے سے بہترین قرار دیے جا سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ ورک فرام ہوم بیشتر افراد کی زندگی کا معمول بنتا جارہا ہے یعنی دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہی، تو وہ اپنے کام کے ساتھ دنیا کو دیکھنے کو بھی کوشش کررہے ہیں۔

ایسے افراد کے لیے ڈیجیٹل نوماڈ کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

ویزا گائیڈ ڈاٹ ورلڈ نامی آن ادارے کی جانب سے ڈیجیٹل نوماڈ ویزا انڈیکس کو جاری کیا گیا ہے۔

اس فہرست کی تیاری کے لیے ویزا کی آسان دستیابی، انٹرنیٹ اسپیڈ، ٹیکس پالیسیوں، امیداروں کی کم از کم آمدنی کی شرط، طرز زندگی کے اخراجات، صحت اور سیاحت جیسے شعبوں کو مدنظر رکھا گیا۔

فہرست میں 2024 میں ڈیجیٹل نوماڈز کے لیے یورپی ملک اسپین کو بہترین قرار دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 2023 کے شروع میں اسپین کی جانب سے ڈیجیٹل نوماڈ ویزا پروگرام متعارف کرایا گیا تھا۔

اس ویزا کے حصول کے خواہشمند افراد کے لیے شرائط درج ذیل ہیں۔

1۔ خواہشمند افراد کا تعلق یورپ سے باہر کے ممالک سے ہونا چاہیے۔

2۔ فری لانسر ہوں یا اسپین سے باہر کام کرنے والی کسی کمپنی میں ملازمت کر رہے ہوں۔

3۔ گزشتہ 5 سال کے دوران اسپین یا کہیں اور مجرمانہ ریکارڈ نہ ہو۔

4۔ کسی ایسی کمپنی کا ہیلتھ انشورنس ہونا ضروری ہے جو اسپین میں بھی کام کر رہی ہو۔

5۔ اپنے شعبے کے لیے کوالیفائیڈ ہوں، جس کے لیے یونیورسٹی ڈگری یا کام کے تجربے کو بطور ثبوت پیش کرنا ہوگا۔

6۔ ویزا پروگرام کے لیے درخواست دینے والے فرد کو ورک ہسٹری کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا، فری لانسرز کو 3 ماہ کے دوران کسی غیر ملکی کمپنی کے ساتھ پیشہ وارانہ تعلق کو ثابت کرنا ہوگا۔

7۔ درخواست گزار کے پاس اتنا سرمایہ ہونا ضروری ہوگا جو اسپین میں اس کے قیام کے لیے معاون ہو، اس کی کم از کم ماہانہ آمدنی 2750 ڈالرز ہونا ضروری ہوگی۔

ڈیجیٹل نوماڈ اپنے خاندان کو بھی اسپین لے جا سکتا ہے مگر پھر ماہانہ آمدنی 3750 ڈالرز ہونا ضروری ہوگی۔

فہرست میں اسپین کے بعد دوسرا نمبر ارجنٹینا کے حصے میں آیا۔

اس جنوبی امریکی ملک کے پروگرام کے تحت لوگ 6 ماہ کا ڈیجیٹل نوماڈ ویزا حاصل کر سکتے ہیں جس میں مزید ایک سال کی توسیع بھی ممکن ہے۔

ارجنٹینا کے بعد رومانیہ، متحدہ عرب امارات اور کروشیا بالترتیب تیسرے سے 5 ویں نمبر پر رہے۔

پرتگال چھٹے، یوروگوئے 7 ویں، مالٹا 8 ویں، ناروے 9 ویں اور انڈورا 10 واں بہترین ملک قرار پایا۔

مزید خبریں :