Time 18 دسمبر ، 2023
پاکستان

بلوچستان ہائیکورٹ کا حلقہ بندیوں کا فیصلہ کالعدم، سپریم کورٹ نے الیکشن میں تاخیر کے تمام دروازے بند کر دیے

سپریم کورٹ نے بلوچستان ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کی اپیل منظور کر لی. فوٹو فائل
 سپریم کورٹ نے بلوچستان ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کی اپیل منظور کر لی. فوٹو فائل

سپریم کورٹ نے آئندہ برس فروری میں ہونے والے عام انتخابات میں تاخیر کے تمام دروازے بند کر دیے۔

جسٹس سردارطارق کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے کوئٹہ کی 2 صوبائی نشستوں پر حلقہ بندیوں کے خلاف اپیل پر حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد حلقہ بندیوں پر اعتراض نہیں کیا جا سکتا۔

یاد رہے کہ بلوچستان ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے کی گئی حلقہ بندی تبدیل کی تھی، سپریم کورٹ نے بلوچستان ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کی اپیل منظور کر لی۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری 2024 کو ملک بھر میں عام انتخابات کرانے کا اعلان کر رکھا ہے جس کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے یکم دسمبر کو نئی حلقہ بندیوں کی فہرست جاری کی تھی جس کے مطابق قومی اسمبلی کی 6 نشستیں کم ہو گئی ہیں۔

 نئی حلقہ بندیوں کے مطابق ملک بھر سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کے 266 حلقے ہوں گے جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں کے 593 حلقے ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کی نئی حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست کے مطابق پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 297، سندھ میں 130 جنرل نشستیں، خیبرپختونخوا میں 115 اوربلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 51 ہوگی۔

مزید خبریں :