Time 19 دسمبر ، 2023
پاکستان

عمران اور بشریٰ نے 58 تحائف کم مالیت ظاہر کرکے 14 کروڑ میں رکھ لیے، توشہ خانہ ریفرنس دائر

احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے نیب توشہ خانہ ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کردی: ذرائع— فوٹو:فائل
احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے نیب توشہ خانہ ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کردی: ذرائع— فوٹو:فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم و سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی تیسری اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر کردیا۔

ذرائع کے مطابق نیب نے توشہ خانہ ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے تفتیشی افسران کے ہمراہ توشہ خانہ ریفرنس دائر کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس نے نیب توشہ خانہ ریفرنس کی جانچ پڑتال شروع کردی۔

ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ 108 میں سے بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی نے 14 کروڑ روپے مالیت کے 58 تحائف اپنے پاس رکھے، تحائف کم مالیت ظاہر کرکے اپنے پاس رکھے گئے۔

دوران تفتیش معلوم ہوا بشریٰ بی بی کو سعودی ولی عہد سے جیولری سیٹ تحفے میں ملا جو توشہ خانہ میں جمع ہی نہیں کروایا، سعودی ولی عہد سے ملنے والا جیولری سیٹ انتہائی کم رقم کے عوض رکھا گیا اور بشریٰ بی بی، بانی پی ٹی آئی نے اتھارٹی کا استعمال کرتے ہوئے جیولری سیٹ کی من پسند قیمت لگوائی۔

توشہ خانہ قوانین کے مطابق تمام تحائف توشہ خانہ میں رپورٹ کرنے لازم ہیں، جیولری سیٹ ملٹری سیکرٹری کے ذریعے توشہ خانہ میں رپورٹ تو ہوا لیکن جمع نہیں کروایاگیا، ملزمان تحائف توشہ خانہ میں جمع کروانے کے پابند تھے تاہم انہوں نے ایسا نہ کر کے توشہ خانہ قوانین کی خلاف وزری کی۔

ذرائع کے مطابق جیولری سیٹ کی قیمت کا تخمینہ لگانے والے صہیب عباسی وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں جن کا کہنا ہے کہ دباؤ میں آکر جیولری سیٹ کی کم قیمت لگائی۔ صہیب عباسی کی خدمات پرائیوٹ طور پر لی گئی تھیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں عبوری ضمانت خارج کردی تھی۔

ضمانت خارج ہونے کے بعد نیب نے جیل میں ہی عمران خان کی گرفتاری ڈال دی تھی۔

مزید خبریں :