21 دسمبر ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم انتظامیہ اور قومی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کی سیریز سے ورلڈ کپ کی تیاریاں شروع کرنے اور نئے کھلاڑیوں کو بتدریج آزمانے کا فیصلہ کرلیا۔
پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں صف اول کے بیٹرز بابر اعظم اور محمد رضوان کو تین تین میچ کھلائے جائیں گے، انہیں دو دو میچوں میں آرام دیا جائے گا تاکہ نئے ٹیلنٹ کو بھی آزمایا جائے۔
فیصلے کے مطابق بائیں ہاتھ کے بیٹرصائم ایوب مستقل اوپنر کی حیثیت سے کھیلیں گے جبکہ کسی میچ میں صائم کے ساتھ بابر اعظم اور کسی میچ میں محمد رضوان اننگز کا آغاز کریں گے۔
جس میچ میں بابر اعظم اننگز اوپن کریں گے اس میچ میں محمد رضوان ون ڈاؤن پر اور جس میچ میں محمد رضوان اوپنر کی حیثیت سے کھیلیں گے اس میچ میں بابر اعظم کو ون ڈاؤن پر کھلانے کی تجویز ہے۔
وہاب ریاض کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان کی 17 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا، ٹیم میں اسامہ میر، محمد عباس آفریدی اور حسیب اللہ پہلی بار اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں جبکہ صاحبزادہ فرحان، اعظم خان اور ابرار احمد کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ون ڈے اوپنر فخر زمان کو نمبر چار پر ٹی ٹوئنٹی میچ کھلایا جائے گا، افتخار احمد پانچویں اور اعظم خان چھٹے نمبر پر کھیلیں گے تاہم جس میچ میں اعظم خان کھیلیں گے اس میچ میں اعظم وکٹ کیپنگ کریں گے جبکہ محمد رضوان فیلڈنگ کریں گے۔
تیسرے وکٹ کیپر حسیب اللہ مڈل آرڈر میں کھیلیں گے اور وہ بھی وکٹ کیپنگ نہیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند سالوں میں پاکستان نے افتخار احمد، شعیب ملک، شان مسعود، طیب طاہر، آصف علی اور محمد نواز کو مڈل آرڈر میں کھلایا لیکن اس کے خاطر خواہ نتائج سامنے نہ آسکے۔
اس لئے نیوزی لینڈ کی مشکل سیریز میں ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پرفارمر اعظم خان، صاحبزادہ فرحان، عباس آفریدی اور حسیب اللہ کو موقع دیا گیا۔
حسیب اللہ نے ڈومیسٹک سیزن کے دوران اپنی پرفارمنس سے متاثر کرنے کے بعد اپنا پہلا کال اپ حاصل کیا، انہیں اس سال کے پاکستان کپ کے دوران شاندار کارکردگی پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔