21 دسمبر ، 2023
اب جب کہ پاکستان کی 17 ارکان پر مشتمل ٹی 20 ٹیم کا اعلان ہو چکا ہے جو شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں نیوزی لینڈ میں 5 ٹی 20 کھیلے گی، البتہ سائیڈ لائنز پر ٹیم کے انتخاب میں سینئر کھلاڑیوں کے معاملات سمیت نئے کھلاڑیوں کی شمولیت پر بہت زیادہ گفتگو کی جا رہی ہے۔
سلیکشن کمیٹی کے اندرونی ذرائع سے یہ بات منظر عام پر آئی کہ ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ سینئر کرکٹرز سابق کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو آرام کروانے کے خواہشمند تھے تاہم اطلاعات کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی اس کے برعکس ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا کہ نیوزی لینڈ میں تجربے کار کھلاڑیوں کو آرام کروانا ٹیم کے مفاد میں نہیں ہو گا، شاہین آفریدی کی بطور کپتان پہلی سیریز ہے لہٰذا سینئر ز کو آرام کروانے کی تجویز کو در کیا جاتا ہے۔
محمد حفیظ اور چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے اس بات پر اتفاق کیا کہ نیوزی لینڈ میں سینئر اور جونیئر کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنا ٹیم کے بہتر مفاد میں ہوگا، اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ اپریل 2024 میں جب نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹی 20 سیریز کھیلنے پاکستان آئے گی تو ہوم گراؤنڈ اور ہوم کراؤڈ کے ایڈوانٹیج میں نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
جون جولائی 2024 میں امریکا میں آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کا انعقاد ہونا ہے جس کی تیاریوں کے لیے پاکستان کا دورہ نیوزی لینڈ اہمیت کا حامل ہوگا۔