فالج اور ہارٹ اٹیک جیسے جان لیوا امراض سے بچنے کا آسان طریقہ

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

موجودہ عہد میں ہارٹ اٹیک کے کیسز کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور نیند کی کمی اس حوالے سے کردار ادا کر رہی ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر اضافی نیند سے دل کی شریانوں کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

Nanjing میڈیکل یونیورسٹی کی تحقیق میں 20 سال یا اس سے زائد عمر کے 34 سو افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔

یہ ڈیٹا 2017 سے 2018 کے درمیان امریکا کے نیشنل ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سروے کے دوران اکٹھا کیا گیا تھا۔

اس سروے میں یہ معلوم کیا گیا تھا کہ لوگ عام دنوں اور ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر کتنے گھنٹے تک سوتے ہیں اور کتنے افراد امراض قلب، ہائی بلڈ پریشر یا ذیابیطس کے شکار ہیں۔

نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر کم از کم ایک گھنٹے کی اضافی نیند سے امراض قلب خاص طور پر فالج اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ 63 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق اگر آپ عام دنوں میں نیند کا دورانیہ 6 گھنٹے سے کم ہے تو ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر کم از کم ایک سے 2 گھنٹے زیادہ سونے کی کوشش کریں۔

محققین نے بتایا کہ ہفتہ وار تعطیل کے موقع پر اضافی نیند اور انجائنا، فالج اور امراض قلب کے خطرے میں کمی کے درمیان تعلق موجود ہے۔

چند طبی ماہرین (جو اس تحقیق میں شامل نہیں تھے) نے بتایا کہ 6 گھنٹے کی کم نیند سے جسم میں تناؤ بڑھانے والے ہارمون کا اخراج بڑھتا ہے جس کے باعث ہارٹ اٹیک اور فالج جیسے امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پورے ہفتے کی نیند کی کمی کے منفی اثرات کو ہفتہ وار تعطیل پر ایک سے 2 گھنٹے کی اضافی نیند سے کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ویسے تو سونے اور جاگنے کا وقت ہمیشہ یکساں ہونا چاہیے مگر جو افراد نیند کی کمی کے شکار ہوتے ہیں، ان میں موٹاپے اور امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے۔

تو ایسے افراد اگر چھٹی کے دن زیادہ وقت تک سوتے ہیں تو ان کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل سلیپ ہیلتھ میں شائع ہوئے۔