21 دسمبر ، 2023
نیدرلینڈز میں غزہ کے شہید بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بچوں کے 8 ہزار جوتے رکھ کر احتجاج کیا گیا۔
مقامی تنظیم نے ڈچ شہر روٹرڈیم کے مرکزی چوک پر بچوں کے 8 ہزار جوتے رکھ کر عالمی بے حسی کو آئینہ دکھانے کی کوشش کی۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے وحشیانہ بمباری سے 75 روز میں غزہ کے 8 ہزار سے زیادہ بچے شہید کر دیے ہیں۔
مجموعی شہدا کی تعداد 20 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے جن میں 8 ہزار سے زائد بچے اور 6 ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف کا کہنا ہےکہ غزہ میں پینے کا صاف پانی نہ ہونے کی وجہ سے آئندہ دنوں میں متعدد بچوں کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔
یونیسیف کے مطابق غزہ میں بچوں کو ضرورت کا صرف 10 فیصد پانی میسر ہے، غزہ میں بچے، ان کےخاندان غیرمحفوظ ذرائع سے آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔
یونیسیف کا کہنا ہےکہ بچوں کو صاف پانی کی قابل ذکر فراہمی زندگی موت کا مسئلہ ہے،صاف پانی کی فراہمی نہ ہونے سے بچوں کے مرنے اور امراض پھیلنےکا خدشہ ہے۔
ریڈکراس نے غزہ تنازع کو بین الاقوامی برادری کی اخلاقی ناکامی قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں ریڈکراس کا کہنا تھا کہ غزہ میں انتہا کی حد تک درپیش مصائب کو روکنے میں ناکامی کا اثر صرف غزہ پر نہیں دیگر نسلوں پر بھی پڑےگا۔
ادارے کے مطابق غزہ کی 90 فیصد سے زیادہ آبادی بےگھر ہوچکی ہے، 60 فیصد سے زیادہ انفرا اسٹرکچر تباہ ہوگیا ہے، غزہ کے لوگوں کی جبری بے دخلی سب کی آنکھوں کے سامنے ہو رہی ہے، غزہ کی تباہی اتنی حیران کن ہے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔