22 دسمبر ، 2023
بھارت میں ایک شادی کے دوران 'مٹر پنیر' میں پنیر نہ ہونے کی وجہ سے شادی کی تقریب میدان جنگ بن گئی۔
شادیوں میں اکثر ایسا ہو جاتا ہے کہ کھانے میں کوئی چیز کم رہ جاتی ہے یا کسی مہمان کو کوئی چیز رش کی وجہ سے نہیں مل پاتی لیکن ایسے میں صبر شکر سے ہی شادی کی دعوت سے لطف اٹھایا جاتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شادی کی تقریب میں مہمانوں کی لڑائی نے دلہا دلہن کا یاد گار لمحہ خراب کر دیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شادی کے کھانوں میں ایک ڈش 'مٹر پنیر' بھی رکھی گئی تھی لیکن ڈش میں پنیر نہ ہونے کی وجہ سے دلہا دلہن کے مہمانوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے میدان جنگ میں تبدیل ہو گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریب میں مہمانوں کے درمیان ہونے والی اس لڑائی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں مہمانوں کو ایک دوسرے کو کرسیاں مارتے اور ہاتھا پائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی مختلف تبصروں کا سلسلہ جاری ہے، کوئی اسے عالمی تیسری جنگ قرار دے رہا ہے تو کوئی مہمانوں کو شادی کی تقریب خراب کرنے پر تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔