25 دسمبر ، 2023
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مجھے بلےکے نشان کی آفر ہوئی تھی لیکن میں نے انکار کردیا۔
پشاور میں میڈیا سے پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ صوبے کے ہر کونے سے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز میں لوگ آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا منشور تیار ہوچکا ہے، چند دنوں میں پیش کریں گے، الیکشن مہم جاری ہے اور ہم محنت کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ وفاق نے ہمارے حقوق ضبط کیے ہیں، وہ حاصل کرنے ہیں، ضم شدہ اضلاع کے ساتھ بہت زیادتی ہورہی ہے، فنڈز نہیں آرہے۔
پرویز خٹک نے بتایاکہ ہمارے بہت سے آزاد دوست الیکشن لڑ رہےہیں، آزاد امیدوار کامیابی کے بعد ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ مجھے بلےکے نشان کی آفر ہوئی تھی لیکن میں نے انکار کردیا۔
تاہم پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں یہ آفر کس نے کی۔
سابق وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ ہمارے صوبے کے لوگوں کو عمران خان بیوقوف سمجھتے ہیں کہ جو کہوں گا وہ مانیں گے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بھی پرویز خٹک کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے پرویز خٹک کو انتخابی نشان ’بلے‘ کی پیشکش نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے کسی کو بھی انتخابی نشان بلے کی پیشکش نہیں کی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹراپارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہ کرانے پر پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن نے آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کی رجسٹریشن ختم کردی تھی اور انتخابی نشان عقاب بھی واپس لے لیا تھا جو کہ استحکام پاکستان پارٹی کو الاٹ کردیا گیا ہے۔