Time 28 دسمبر ، 2023
پاکستان

این اے 127: بلاول کے کاغذات نامزدگی پر دائر اعتراض پر فیصلہ محفوظ

بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر شہری محمد ایاز کی جانب سے حلقہ این اے 127 پر اعتراض دائر کیا گیا/ فائل فوٹو
بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر شہری محمد ایاز کی جانب سے حلقہ این اے 127 پر اعتراض دائر کیا گیا/ فائل فوٹو

لاہور : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر دائر اعتراض پر دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔

پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کے لاہور سے انتخابات میں حصہ لینے کے معاملے پر ان کے کاغذات پر دائر اعتراض کی سماعت میں بلاول کی جانب سے سینئر قانون دان عرفان قادر ریٹرننگ افسر کے سامنے پیش ہوئے جب کہ عرفان قادر کے علاوہ کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے موقع پر پیپلزپارٹی رہنما فیصل میر، شاہدہ جبیں بھی موجود تھیں۔

بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر شہری محمد ایاز کی جانب سے حلقہ این اے 127 پر اعتراض دائر کیا گیا۔

شہری نے مؤقف اختیار کیا  ہےکہ بلاول بھٹو نے کاغذات نامزدگی میں پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز سے وابستگی ظاہر کی، پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی کا انتخابی نشان تلوار اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کا نشان تیر ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ بلاول پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور آصف زرداری پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینزکے صدر ہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق ایک شخص ایک وقت میں ایک جماعت کا رکن ہوسکتا ہے۔

سماعت کے دوران آر او نے بلاول بھٹو کے وکیل عرفان قادر کو کل تک تحریری طور پر جواب داخل کرنے کی مہلت دی اور فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔


مزید خبریں :