سگریٹ نوشی کی عادت سے جان چھڑانے کا آسان ترین طریقہ

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

آپ سگریٹ نوشی چھوڑنا چاہتے ہیں مگر یہ کام مشکل محسوس ہو رہا ہے؟

اگر ہاں تو اچھی خبر یہ ہے کہ طبی ماہرین نے سگریٹ نوشی کی عادت چھوڑنے میں مددگار آسان طریقہ دریافت کرلیا ہے۔

آسٹریا کی Innsbruck یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ تیز رفتاری سے چہل قدمی سے سگریٹ پینے کی خواہش میں عارضی طور پر کمی لانے میں مدد ملتی ہے۔

یہ پہلی تحقیق ہے جس میں چار دیواری سے باہر جسمانی سرگرمیوں اور تمباکو نوشی کی عادت سے نجات میں تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق تمباکو نوشی سے متعدد امراض بشمول کینسر، امراض قلب اور دیگر کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر کوئی فرد تمباکو نوشی کی عادت چھوڑنا چاہتا ہے تو گھر کے باہر یا اندر 10 منٹ کی معتدل ورزش سے سگریٹ کی خواہش کو دبانے میں مدد مل سکتی ہے۔

درحقیقت اس طرح تمباکو نوشی چھوڑنے کے بعد جن علامات کا سامنا ہوتا ہے، ان سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

اس تحقیق میں 16 ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جو تمباکو نوشی کے عادی تھے۔

تمام افراد کو رات بھر سگریٹ نوشی سے دور رکھا گیا اور پھر انہیں 10 منٹ تک تیز رفتاری سے چہل قدمی کا کہا گیا یا چار دیواری کے اندر ورزش کرنے یا ساکت بیٹھے رہنے کی ہدایت کی گئی۔

ورزش سے قبل اور بعد میں سگریٹ پینے کی خواہش اور دیگر تفصیلات بھی حاصل کی گئیں۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ 10 منٹ کی جسمانی سرگرمیوں سے سگریٹ پینے کی خواہش میں نمایاں کمی آئی جبکہ اس لت سے چھٹکارے پر جن علامات کا سامنا ہوتا ہے، ان کی شدت بھی گھٹ گئی۔

تحقیق کے مطابق ابھی اس حوالے سے مزید تجربات کرنے کی ضرورت ہے مگر نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ گھر سے باہر چہل قدمی کرنے پر 26 منٹ جبکہ چار دیواری کے اندر ورزش کے بعد 17 منٹ تک سگریٹ پینے کی خواہش میں کمی آتی ہے۔

محققین کے مطابق متعدد تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چار دیواری کے اندر ورزش کرنے سے عارضی طور پر سگریٹ پینے کی خواہش میں کمی آتی ہے، مگر اس تحقیق میں پہلی بار گھر سے باہر چہل قدمی کے اثرات کا جائزہ لیا گیا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل Psychopharmacology میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :