Geo News
Geo News

پاکستان
19 جنوری ، 2013

لائن آف کنٹرول کی بھارتی خلاف ورزی، پاکستان کو دفاع کا حق ہے، فضل الرحمان

اسلام آباد … پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بھارت نے ایل او سی کی خلاف ورزی کی، پاکستان کو اپنی سرحدوں کے دفاع کا حق حاصل ہے۔ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس نے بھارتی فوج کی جانب سے لائن اف کنٹرول کی خلاف ورزی پر متفقہ مذمتی قرارداد منظور کر لی۔ کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کے حوالے سے اسلام آباد میں کل جماعتی کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اور سابق وزیر اعظم سردار عتیق نے بھی شرکت کی۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کا پانی روک کر اسے زرعی بحران کا شکار کرنا چاہتا ہے، کنٹرول لائن کی بھارتی خلاف ورزی پر پاکستان کو دفاع کا پورا حق ہے ، حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے بیانات میں نرمی اختیار کی ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کا کہنا تھا کہ افغانستان سے نیٹو فوج جا رہی ہے، دنیا کے مسائل حل ہورہے ہیں، مسئلہ کشمیر کیوں حل نہیں ہو سکتا؟۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں نہ کہ بندوق کے ذریعے۔ سردار عتیق نے کہا کہ پاکستان بھارت کو تجارت کیلئے پسندیدہ ترین ملک قرار دینے جا رہا ہے اور وہ جارحیت کر رہا ہے، امریکی صدر نے آج تک کشمیر پر اپنا مشیر مقرر کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا، پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اپنے منشور میں مسئلہ کشمیرکو شامل کریں۔ آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کی منظور کردہ متفقہ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی تنظیمیں لائن اف کنٹرول پر بھارتی جارحیت رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں، بھارت مقبوضہ کشمیر سے فوج واپس بلائے، بھارت کو پسندیدہ ترین ملک کا درجہ دینے کے فیصلے پر پاکستان نظر ثانی کرے، بھارت کے ساتھ تجارت میں اضافے کو مسئلہ کشمیر کے مذاکراتی حل سے مشروط کیا جائے۔

مزید خبریں :