Time 01 جنوری ، 2024
پاکستان

کراچی: سال نو پر ہوائی فائرنگ سے خواتین اور بچوں سمیت 30 افراد زخمی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی: شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں سالِ نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے واقعات میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

12 بجتے ہی سال نو کے آغاز کے ساتھ ملک بھر میں آتش بازی اور جشن کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کراچی میں بھی سال نو کا آغاز ہوائی فائرنگ اور پٹاخوں کے ساتھ ساتھ ہلے گلے سے ہوا۔

صدر، لیاری، گارڈن، سچل، کورنگی، اورنگی، سائٹ، سرجانی، ملیر قائد آباد ، گلستان جوہر، لیاقت آباد، نیو کراچی ، بلدیہ ، کیماڑی میں ہوائی فائرنگ کی گئی۔

سہراب گوٹھ، فیڈرل بی ایریا اور کلفٹن، خواجہ اجمیر نگری، سرسیدٹاؤن، لانڈھی ، شاہ فیصل کالونی سمیت دیگر علاقوں میں بھی ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق سال نو کے موقع پر کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے 30 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق  ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں خواتین اوربچے بھی شامل ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے الزام میں گرفتار افراد کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کے  لیے جناح، سول اور عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اس سے قبل کراچی پولیس چیف خادم حسین رند نے سال نو پر ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

جیو نیوز سے خصو صی گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی خادم حسین رند کا کہنا تھا ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے مقدمات درج کیے جائیں گے جن میں اقدام قتل کی دفعات شامل ہوں گی۔

خیال رہے کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے فلسطینیوں سے اظہار یکہتی کے لیے سال نو کی تقریبات سادگی سے منانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے سال نو پر ہر قسم کی آتشبازی کے اجازت نامے منسوخ کر دیے تھے۔

مزید خبریں :