Time 02 جنوری ، 2024
کھیل

الوداعی میچ سے قبل وارنر کی ٹیسٹ کیپ چوری ہوگئی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان کے خلاف اپنے کیریئر کے آخری ٹیسٹ میچ سے قبل آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کی ٹیسٹ کیپ  مبینہ طور پر چوری ہوگئی۔

بدھ سے پاکستان کے خلاف سڈنی میں شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ ڈیوڈ وارنر کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہے، انہوں نے سیریز شروع ہونے سے قبل ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔

تاہم اپنے الوداعی ٹیسٹ میچ سے قبل ڈیوڈ وارنر کی ٹیسٹ کیپ 'Baggy green' ان کے سامان سے مبینہ طور پر چوری ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے ڈیوڈ وارنر نے بتایا کہ کچھ روز قبل پاکستان کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے میلبرن سے سڈنی کے سفر کے دوران میری کیپ بیگ میں تھی لیکن پھر کوئی شخص میرے سامان سے وہ بیگ کیپ سمیت لے گیا ہے۔ 

وارنر کا کہنا تھا کہ ائیرلائن کی جانب سے مجھے بتایا گیا ہے کہ انہوں نے تمام کیمروں سے چیک کیا ہے جس میں کسی کو بھی ان کے سامان کو ہاتھ لگاتے نہیں دیکھا گیا لیکن میں پھر بھی درخواست کرتا ہوں کہ اگر آپ وہ شخص ہیں جس کے پاس میرا بیگ ہے تو آپ بیگ رکھ سکتے ہیں میرے پاس ایک فالتو ہے لیکن وہ ٹیسٹ کیپ مجھے واپس بھجوا دیں آپ کا بہت شکریہ ہوگا۔

واضح رہے کہBaggy green کیپ آسٹریلوی کھلاڑی کو اس وقت دی جاتی ہے جب وہ اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرتا ہے۔

یہاں یہ بات بھی یاد رہے کہ ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا، کینگروز کو سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔


مزید خبریں :