توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان اور فواد چوہدری پر عائد چارج شیٹ سامنے آگئی

مطلوبہ شواہد، ویڈیوز اور دستاویزات کے مطابق ملزمان کےخلاف ٹرائل شروع کیاجائے، چارج شیٹ— فوٹو:فائل
مطلوبہ شواہد، ویڈیوز اور دستاویزات کے مطابق ملزمان کےخلاف ٹرائل شروع کیاجائے، چارج شیٹ— فوٹو:فائل

توہین الیکشن کمیشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور فواد چوہدری پر عائد چارج شیٹ سامنے آگئی۔

توہین الیکشن کمیشن کیس میں عمران خان اور سابق وزیر فواد چوہدری پر آج فرد جرم عائد کی گئی۔

چارج شیٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور فواد چوہدری نے 2022 میں الیکشن کمیشن کے خلاف منصوبہ بندی سے تضحیک آمیز مہم کاسلسلہ شروع کیا، ملزمان نے ایک نہیں متعدد بار الیکشن کمیشن اور سربراہ کے خلاف متعصبانہ اور تضحیک آمیز زبان استعمال کی۔

چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے 12 جولائی 2022 کو بھکر میں عوامی جلسے کے دوران الیکشن کمیشن پاکستان کے خلاف غیرپارلیمانی زبان استعمال کی، پھر 18 جولائی اور 27 جولائی کو عوامی جلسوں میں الیکشن کمیشن اورسربراہ پر من گھڑت الزامات عائد کیے۔

چارج شیٹ کے متن کے مطابق ملزمان نے 4 اگست اور 10 اگست 2022 کو الیکشن کمیشن کو اسکینڈلائز کیا، دونوں نے جلسوں میں آئینی ادارے کو  تضحیک کا نشانہ بنایا، ملزمان نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف غیرپارلیمانی اورنامناسب زبان کا استعمال کیا۔

چارج شیٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مطلوبہ شواہد، ویڈیوز اور دستاویزات کے مطابق ملزمان کےخلاف ٹرائل شروع کیا جائے۔

چارج شیٹ کے متن کے مطابق ملزمان نے الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان کی توہین کی، سپریم کورٹ کی آبزرویشن کے تحت الیکشن کمیشن ملزمان کےخلاف کارروائی کامجاز ہے۔

مزید خبریں :