08 جنوری ، 2024
ایپل کی آئی فون 16 سیریز ابھی کئی ماہ بعد متعارف کرائی جائے گی۔
مگر آئی فون 16 پرو اور 16 پرو میکس کا ممکنہ ڈیزائن ابھی سامنے آگیا ہے۔
میک ریومرز نے آئی فون 16 پرو ماڈلز کے پروٹوٹائپ خاکے جاری کیے ہیں۔
یہ دونوں فونز دیکھنے میں آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس جیسے ہی نظر آتے ہیں۔
البتہ تصاویر سے عندیہ ملتا ہے کہ آئی فون 16 پرو اور 16 پرو میکس کا ڈسپلے سائز زیادہ بڑا ہوگا جبکہ ان کے دائیں جانب پاور بٹن سے نیچے کیپچر بٹن کا اضافہ کیا جائے گا۔
آئی فون 16 پرو میں 6.27 انچ کا ڈسپلے دیے جانے کا امکان ہے جبکہ 16 پرو میکس کا ڈسپلے 6.85 انچ کا ہو سکتا ہے۔
دونوں فونز کا کیمرا سیٹ اپ بھی اپ ڈیٹ کیے جانے کا امکان ہے۔
کیپچر بٹن صرف پرو ماڈلز میں متعارف کرایا جائے گا اور یہ کیمرا ایپ تک رسائی کے لیے شارٹ کٹ فراہم کرے گا۔
آئی فون 16 سیریز کے چاروں ماڈلز میں ایپل کے اے 18 پراسیسر کو دیے جانے کا امکان ہے جبکہ آئی او ایس 18 بھی اس کا حصہ ہوگا۔
البتہ اس سیریز کے فونز میں بڑی ہارڈ وئیر تبدیلیاں کیے جانے کا امکان نہیں۔
واضح رہے کہ ایپل کی جانب سے نئے آئی فونز ستمبر میں متعارف کرائے جاتے ہیں تو آئی فون 16 سیریز کے لیے ابھی کم از کم 9 ماہ کا انتظار کرنا ہوگا۔