09 جنوری ، 2024
اسلام آباد: استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے الیکشن کمیشن حکام کوکوئی دھمکی نہیں دی۔
کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں فواد چوہدری نے اہلیہ حبا کی الیکشن لڑنے کے لیے نااہلی پر کہا کہ میرے اور حبا دونوں کے تمام بینک اکاؤنٹس ڈکلیئرڈ ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے الیکشن کمیشن حکام کو کبھی کوئی دھمکی نہیں دی، یہ بھی کہا تھا کہ اس سے متعصب اوربے ایمان الیکشن کمیشن کبھی نہیں دیکھا،عمران خان نے ممبرالیکشن کمیشن سندھ سے کہا تھا آپ کے خلاف جوڈیشل کونسل میں ریفرنس پینڈنگ پڑا ہے۔
فواد چوہدری کے مطابق عمران خان نے کہا تھا کہ 90 دن میں انتخابات نہ کرانے پرسپریم کورٹ کے جسٹس اطہرمن اللہ نے نوٹ لکھا تھا ، عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق وقت پرانتخابات نہ کروانے پر آرٹیکل 6 لگے گا۔
دوران گفتگو ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا جیل سے بانی پی ٹی آئی کے غیرملکی جریدےکےلیے کالم لکھنے کی بات درست ہے؟ اس پر فواد چوہدری نے کہا کہ مجھے کنفرم نہیں لیکن دوران سماعت بانی پی ٹی آئی وکلا کو نوٹس دے سکتے ہیں، یقیناً لکھوایا ہوگا۔