Time 11 جنوری ، 2024
پاکستان

خواجہ آصف نے سابق جج مظاہر نقوی کے اثاثوں کی چھان بین کا مطالبہ کردیا

اثاثوں کی چھان بین سیاستدانوں کی طرح جج اور ان کی آل اولاد سب کی ہونی چاہیے: سینئر رہنما (ن) لیگ/ فائل فوٹو
اثاثوں کی چھان بین سیاستدانوں کی طرح جج اور ان کی آل اولاد سب کی ہونی چاہیے: سینئر رہنما (ن) لیگ/ فائل فوٹو

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے سپریم کورٹ کے سابق جج مظاہر نقوی کے اثاثوں کی چھان بین کا مطالبہ کردیا۔

سپریم کورٹ کے سابق جج مظاہر نقوی کے گزشتہ روز مستعفی ہونے پر خواجہ آصف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ استعفے کی منظوری کافی نہیں ہوگی، اثاثوں کی چھان بین سیاستدانوں کی طرح جج اور ان کی آل اولاد سب کی ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ترازو پکڑنے والے کا حساب آخرت میں تو اللہ کی صوابدید ہے مگر دنیا میں نہیں کریں گے تو ہم سب برابر کے گناہ گار ہوں گے۔

جسٹس مظاہر نقوی کے استعفے پر غلط سال درج ہونے پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سنا ہےکہ مظاہر نقوی نے غلطی سے استعفے پر 10 جنوری 2024 کی جگہ 10 جنوری 2023 لکھ دیا، ویسے ان کا استعفیٰ 2023 کو ہی بنتا تھا، الزامات دیکھتے ہوئے کوئی بھی معزز اور محترم جج اس طرح ایک سال عہدے پر کھجل نہیں ہوتا۔

واضح رہےکہ سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس کا سامنے کرنے والےسابق جج مظاہر نقوی نے گزشتہ روز اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھیجا جسے منظور کرلیا گیا ہے۔


مزید خبریں :