12 جنوری ، 2024
امریکا نے یمن پر حملے کیلئے جانے والے جنگی طیاروں کی ویڈیو جاری کردی۔
امریکا اور برطانیہ نے یمن میں حوثیوں کے خلاف نیا محاذ کھول دیا اور فلسطینیوں سے حمایت کے اظہار میں پیش پیش رہنے والے یمنی حوثیوں کے خلاف امریکی اور برطانوی طیاروں نے بمباری شروع کردی۔
دارالحکومت صنعا میں بھی دھماکوں کی آوازیں گونجنے لگیں۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لڑاکا طیاروں، بحری جہازوں اور آبدوزوں کی مدد سے یمن کے دارالحکومت صنعا، بندرگاہی شہر حدیدہ اور شمالی شہر سعدہ میں درجن بھر سے زائد مقامات پر بمباری کی گئی ہے، حملوں میں ٹام ہاک میزائلوں کا بھی استعمال کیا گیا۔
حوثی ترجمان کے مطابق امریکی حملوں میں 5 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے ہیں۔
اب امریکا نے یمن پر حملے کیلئے جانے والے جنگی طیاروں کی ویڈیو جاری کردی ہے۔ ویڈیو سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔
دوسری جانب یمن پر امریکی و برطانوی فضائی حملوں کے بعد یمن کے رہنما عبدالمالک بدرالدین الحوثی نے جارحیت کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے قوم کو پیغام دیا کہ دشمن کو میزائلوں اور ڈرونز کا نشانہ بنایا جائے۔