14 جنوری ، 2024
پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔
پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نائب کپتان محمد رضوان سابق کپتان محمد حفیظ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے مارنے والے بیٹر بن گئے۔
رضوان نے یہ کارنامہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سر انجام دیا۔وہ پاکستان کی جانب سے 87 ٹی ٹوئنٹی میچز میں مجموعی طور پر سب سے زیادہ 77 چھکے مارچکے ہیں۔
اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بیٹر محمد حیفظ تھے جن کے چھکوں کی تعداد 76 تھی۔
اس کے علاوہ سابق کپتان شاہد آفریدی بھی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 73 چھکے مارچکے ہیں۔
واضح رہے کہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دیکر سیریز میں دو صفر کی سبقت حاصل کر لی۔
ہیملٹن میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 173 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور پاکستان کو 21 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔