کھیل
Time 17 جنوری ، 2024

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شکست دیکر فیصلہ کن برتری حاصل کرلی

نیوزی لینڈ کے شہر ڈنیڈن میں جاری پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا—فوٹو: ای ایس پی این
نیوزی لینڈ کے شہر ڈنیڈن میں جاری پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا—فوٹو: ای ایس پی این

نیوزی لینڈ نے مسلسل تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو شکست دے کر  فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

نیوزی لینڈ کے شہر ڈنیڈن میں جاری پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز اسکور کیے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز اوپن کرنے والے بیٹر فن ایلن نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 62 گیندوں پر 16 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 137 رنز بنائے جب کہ ٹم سیفرٹ 31 اور گلین فلپس 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے اپنے چار اوورز میں 60 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کی جب کہ کپتان شاہین آفریدی، زمان خان، محمد نواز اور محمد وسیم 1-1 وکٹ حاصل کر پائے۔

225 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 179 رنز بناسکی۔

بابر اعظم 58 رنز بناکر نمایاں رہے، اس کے علاوہ محمد رضوان 24، صائم ایوب 10، فخر زمان 19، اعظم خان 10، افتخار احمد 1 اور محمد نواز 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان شاہین شاہ آفریدی 16 اور وسیم جونیئر نے ایک رن بنایا۔

پاکستانی اسکواڈ:

پاکستان کی جانب سے آج کے میچ کیلئے اعلان کردہ پلیئنگ الیون میں تین بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں، اسامہ میر، عامر جمال اور عباس آفریدی ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ محمد نواز، وسیم جونیئر اور زمان خان کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ٹیم میں قومی کپتان شاہین آفریدی کی قیادت میں محمد رضوان، صائم ایوب ، بابر اعظم، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان (وکٹ کیپر) شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ عباس آفریدی پیٹ کے مسل میں اسٹرین کی وجہ سے اس میچ سے باہر ہوئے ہیں۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق اس حوالے سے اسکین میں کسی قسم کی شدید انجری کی تشخیص نہیں ہوئی ہے، اگلے 2 میچوں میں ان کی دستیابی کے بارے میں بعد میں فیصلہ کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ عباس آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے میچ میں 3 اور دوسرے میچ میں 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

نیوزی لینڈ میں جاری پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔

مزید خبریں :