17 جنوری ، 2024
پاکستانی کرکٹر عمر اکمل نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے کروڑوں کی لیگز چھوڑدیں۔
ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے میزبان نے کامران اکمل کے مختلف بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے عمر اکمل سے سوال کیاکہ جس طرح کامران اکمل اپنے انٹرویوز میں اس بات کو واضح کرچکے ہیں کہ ان کی سلیکشن نہ ہونے کے پیچھے بابر اعظم اور سلیکشن کمیٹی کے ان سے کچھ ذاتی مسائل کارفرما ہیں کیا اس بیان سے آپ بھی متفق ہیں؟
اس کے جواب میں عمر اکمل کا کہنا تھا کہ آپ مختلف میڈیا ہاؤسز سے جان سکتے ہیں کہ میں نے پاکستان کیلئے کتنے بڑے کانٹریکٹس چھوڑے ہیں، میرا ہمیشہ سے ایک ہی مؤقف تھا کہ مجھے پاکستان کیلئے ہی کھیلنا ہے، میں نے پاکستان کے ڈومیسٹک کیلئے ہی کھیلنا ہے۔
عمر اکمل نے دعویٰ کیا کہ میں نے پاکستان کرکٹ کیلئے بگ بیش اور بی پی ایل جیسی قیمتی آفرز چھوڑدیں، مجھے اس وقت ان کانٹریکٹ کے ذریعے ایک لاکھ ڈالر یعنی پاکستانی کروڑوں روپے کی آفرز دی گئیں، سیزن کے 80 ہزار ڈالر کی آفر بھی دی گئیں لیکن مجھے کہا گیا آپ نے پاکستان کیلئے ڈومیسٹک کھیلنی ہے تاکہ نئے آنے والے لڑکے آپ سے سیکھ سکیں کہ عمر نے بھی پاکستان کیلئے اپنے بڑے کانٹریکٹس چھوڑے تھے، اگر میں نے پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے اتنی قربانیاں دیں تو پاکستان کرکٹ مجھے کیا دے رہا ہے؟
عمر اکمل نے بھائی کے بابراعظم اور سلیکشن کمیٹی کے حوالے سے دیے گئے بیان پر کہا کہ کامران اکمل کے بیانات بھی میں سن چکا ہوں، انہیں جو بہتر لگا انہوں نے وہ کیا اب جو مجھے بہتر لگے گا میں وہ کروں گا۔