18 جنوری ، 2024
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے آغاز میں صرف ایک ماہ رہ گیا اور فینز کو شدت سے پی ایس ایل کے آفیشل ترانے کا انتظار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے ابتدائی ایڈیشنز میں ترانہ گانے والے گلوکارعلی ظفر سے پی ایس ایل انتظامیہ نے رابطہ کیا اور ان سے گانے بھی لیے لیکن جب فرنچائزز کے علم میں یہ بات آئی تو ایک فرنچائز نے علی ظفر کی مخالفت کی اور مزید دو فرنچائزز نے علی ظفر کی مخالفت کرنے والی فرنچائز کی حمایت کی ۔
ذرائع کے مطابق علی ظفر کی مخالفت ان پر ہراسانی کے کیس کی وجہ سے کی گئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق ایک فرنچائز کا مؤقف ہے کہ پی ایس ایل بہت بڑا برانڈ بن چکا ہے ، ان کی کوشش اور خواہش ہے کہ کسی تنازع میں نہ پڑیں تو بہتر ہے ، کسی غیر متنازع گلوکار سے ترانہ بنوایا جائے ۔
ذرائع کا کہناہے کہ کچھ فرنچائززنے پی سی بی سے درخواست کی کہ علی ظفر کو نہ لیا جائے، ان کا مقصد کسی کی تضحیک نہیں نہ کسی کو نیچا دکھانا ہے ۔ مقصد صرف یہ ہے کہ پی ایس ایل کے برانڈ کو مزید مضبوط کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل انتظامیہ نے دیگر گلوکاروں اور پرفارمرز کو شارٹ لسٹ کرنا شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ شیڈول کے مطابق پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری سے ہو گا اور 18 مارچ تک جاری رہے گا۔