18 جنوری ، 2024
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سنیئر اداکارہ صبا فیصل سے مداح نے حقیقی زندگی میں سخت ساس ہونے کا سوال پوچھ لیا۔
سینئر اداکارہ صبا فیصل حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں مہمان بنیں جہاں پروگرام میں موجود ایک خاتون کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ آپ ڈراموں میں سخت ساس کا کردار ادا کرتی ہیں، اصل زندگی میں کیسی ساس ہیں؟ جس کے جواب میں اداکارہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ کسی کے سامنے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔
صبا فیصل نے کہا کہ ماشاء اللہ سے میں بہت خوش ہوں کہ میرے گھر میں دوسری بہو آئی ہے، جس سے ان ڈھکے چھپے کا جواب مل جائے گا۔
اداکارہ نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ زندگی میں کسی بھی رشتے کے ساتھ جب پہلا تجربہ ہوتا ہے تو اس میں کسی کو بھی سمجھ نہیں آرہا ہوتا کہ اسے کیسے لے کر چلیں، جب میں پہلی بار ساس بنی اور میری پہلی بہو گھر آئی، تو کچھ چیزیں ہو جاتی ہیں، ضروری نہیں ہے کسی ایک کی غلطی ہو لیکن مجھے ایسا لگتا ہے کہ اس معاملے میں سوشل میڈیا کا استعمال بہت غلط ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ آپ دیکھیں ہر گھر میں ساس بہو کے مسائل چل رہے ہیں لیکن ہم چونکہ دنیا کی نظروں میں ہوتے ہیں تو ہماری چیزیں توجہ کا مرکز بن جاتی ہیں، میری بہو بہت اچھی ہے لیکن سوشل میڈیا چیزوں کو غلط سمت میں لے کر جاتا ہے، ہوا دیتا ہے جس سے چیزیں خراب ہو جاتی ہیں۔
میزبان کی جانب سے مزید سوال کیا گیا کہ حقیقی زندگی میں ساس کا کردار مشکل ہے یا ڈراموں والا؟ جس پر صبا فیصل نے ہنستے ہوئے کہا کہ اصل والا۔
واضح رہے صبا فیصل اور ان کی پہلی بہو کے درمیان جھگڑا اور ناپسدیدگی کا اظہار سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوا تھا جو خبروں کی زینت بھی بنا۔