18 جنوری ، 2024
پاکستان کی سینئر اداکارہ صبا فیصل کا کہنا ہے کہ آج کے دور میں بیٹے کیلئے ایک لڑکی ڈھونڈنا بے حد مشکل شاید ناممکن کام ہے۔
اداکارہ صبا فیصل نے حال ہی میں اپنے بیٹے ارسلان فیصل کی شادی نشاء نامی لڑکی سے کی، شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر زیرگردش ہیں۔
حال ہی میں نجی ٹی وی شو میں گفتگو کے دوران جب ان سے دوسری بہو سے متعلق سوال کیا گیا تو صبا فیصل کا کہنا تھاکہ شاید یہ سن کر سب کو عجیب لگے لیکن یہی سچ ہے کہ میرے بیٹے نے میری پسند کی لڑکی سے شادی کی ہے، ایسی صورت میں بیٹی کیلئے لڑکی تلاش کرتے وقت مجھ پر بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی تھی لیکن مجھے خود پر بے حد فخر ہے کہ میں نے اپنے بیٹے کیلئے ایک بہترین ساتھی کا انتخاب کیا۔
اداکارہ نے کہا میرا خیال ہے کہ میں نے ماں ہونے کا اور ارسلان نے میری پسند تسلیم کرکے بیٹا ہونے کا حق ادا کیا، آج کے دور میں ایک لڑکی ڈھونڈنا بے حد مشکل شاید ناممکن ہے، میرا خیال ہے کہ آج کی مائیں خود پر اتنی بڑی ذمہ داری نہیں لے سکتی ہیں، میں ذاتی طور پر روایات سے جڑی عورت ہوں جہاں بڑوں کا احترام اور بڑوں کے فیصلوں کی قدر کی جاتی ہے، بچوں تک پہنچ کر فیصلوں میں تبدیلی کے بجائے ان کا احترام میری نگاہ میں زیادہ ضروری ہے۔
شریک حیات کی تلاش کرتے وقت کیا دیکھنا زیادہ ضروری ہے کہ سوال پر سینئر اداکارہ نے کہا کہ میرے نزدیک لڑکی ہی نہیں لڑکےکو بھی اپنی شریک حیات کی عزت کرنا بے حد ضروری ہے، میرے نزدیک عزت محبت سے بھی پہلے ہے کیوں کہ محبت عزت سے ہی پنپتی ہے۔