18 جنوری ، 2024
گوگل نے اینڈرائیڈ فونز کے لیے ایک نیا فیچر سرکل ٹو سرچ متعارف کرایا ہے۔
اس فیچر سے صارفین اپنے فون میں کہیں بھی سرکل بنا کر یا ہائی لائٹ کرکے سرچ کرسکیں گے۔
یہ فیچر صرف اینڈرائیڈ فونز کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس یہ فیچر آغاز میں چند فونز میں دستیاب ہوگا۔
اس فیچر کو استعمال کرنے والے افراد کو الگ سے ایپس اوپن کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر سے ویڈیوز، تصاویر، کسی ایپ یا میسجنگ کے دوران کسی بھی سوال کا جواب جاننا ممکن ہوگا۔
مثال کے طور پر کسی ویڈیو میں نظر آنے والی چیز کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں تو اس کے گرد سرکل بنانے سے تفصیلات جاننا ممکن ہو جائے گا۔
یہ فیچر کافی حد تک گوگل لینس سے ملتا جلتا ہے مگر سرکل ٹو سرچ کو استعمال کرنے کے لیے گوگل ایپ اوپن کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
بس ہوم بٹن کو کچھ دیر تک دبا کر رکھنے پر یہ فیچر کام کرنے لگے گا۔
سرکل ٹو سرچ کے ساتھ گوگل لینس میں ملٹی سرچ فیچر کا بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔
گوگل لینس میں ملٹی سرچ فیچر تصویری سرچز میں مدد فراہم کرے گا۔
کمپنی کے مطابق اس فیچر کے لیے کسی چیز کی تصویر کھینچ کر اپنے ذہن میں موجود سوال کو لکھ کر سرچ کریں۔
سرکل ٹو سرچ کے برعکس ملٹی سرچ فیچر گوگل ایپ میں تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
کمپنی کے مطابق آغاز میں یہ فیچر امریکا میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔