Time 21 جنوری ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

اسمارٹ فون کو تیزی سے چارج کرنے میں مددگار 6 ٹِرکس

اسمارٹ فون سست روی سے چارج ہو تو بہت زیادہ جھنجھلاہٹ ہوتی ہے / فائل فوٹو
اسمارٹ فون سست روی سے چارج ہو تو بہت زیادہ جھنجھلاہٹ ہوتی ہے / فائل فوٹو

اپنے اسمارٹ فون کو بار بار چارج کرنا اکثر افراد کو ناگوار محسوس ہوتا ہے۔

اگر آپ اسمارٹ فون کو زیادہ استعمال کرتے ہیں تو اسے دن میں ایک سے زیادہ بار چارج کرنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہوگی۔

ویسے تو اب یو ایس بی سی کیبل سے ڈیوائس پہلے سے زیادہ تیزی سے چارج ہوجاتی ہے مگر پھر بھی اس کے لیے انتظار کرنا مشکل محسوس ہوتا ہے۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ چند عام ٹِرکس سے آپ چارجنگ کے تجربے کو کم تکلیف دہ بناسکتے ہیں۔

اینڈرائیڈ فونز کی ایسی ہی چند ٹِرکس کے بارے میں جاننا آپ کے لیے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

چارجنگ سیٹنگز میں تبدیلیاں

چارجنگ سیٹنگز کے ذریعے بھی آپ فون کو جلد چارج کر سکتے ہیں۔

اس کا ایک مؤثر طریقہ ائیر پلین موڈ کو ان ایبل کرنا ہے۔

اس فیچر سے وائرلیس کنکشنز جیسے سیلولر ڈیٹا، وائی فائی اور بلیوٹوتھ کو ڈس ایبل کیا جاتا ہے جس سے ڈیوائس بیک گراؤنڈ ٹاسکس کے بغیر چارج ہوتی ہے۔

ایک تخمینے کے مطابق ائیر پلین موڈ ان ایبل کرنے سے بیٹری کو چارج کرنے کے دورانیے میں 25 فیصد تک کمی آسکتی ہے۔

اسی طرح فون کو چارج پر لگانے سے قبل بیک گراؤنڈ ایپس کو بند کر دیں۔

بیک گراؤنڈ میں کام کرنے والی ایپس فون کی بیٹری کو تیزی سے ختم کرتی ہیں جبکہ چارجنگ کے دورانیے میں اضافہ ہوتا ہے۔

ڈیوائس سیٹنگز کو ایڈجسٹ کریں

اگر آپ ائیرپلین موڈ ان ایبل کیے بغیر فون کو جلد چارج کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے اسکرین برائٹنس کو کم کر دیں۔

فون کا ڈسپلے بیٹری کی پاور کو سب سے چوستا ہے اور برائٹنس کو کم کرکے چارجنگ کی رفتار کو نمایاں حد تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

اسی طرح غیر ضروری فیچرز جیسے بلیو ٹوتھ، وائی فائی یا جی پی ایس کو ڈس ایبل کرنے سے بھی فون کو جلد چارج کرنے میں مدد ملتی ہے۔

یہ فیچرز بیٹری پاور کو ہر وقت استعمال کرتے ہیں اور چارجنگ کے دوران انہیں بند کرنے سے ڈیوائس کو جلد چارج کرنا ممکن ہوتا ہے۔

وال ساکٹ اور فاسٹ چارجر کا استعمال کریں

کمپیوٹر پر یو ایس بی پورٹ کو استعمال کرنے سے فون زیادہ تیز رفتاری سے چارج نہیں ہوتے۔

اس کے مقابلے میں وال ساکٹ سے چارجنگ پر زیادہ پاور ملتی ہے (چارجنگ اسپیڈ کا انحصار ڈیوائس اور چارجر سپورٹ پر ہوتا ہے)۔

دوسری جانب ڈیوائس کے لیے فاسٹ چارجر سے اسے تیزی سے چارج کرنا زیادہ آسان ہو جاتا ہے۔

مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ معیاری کیبل اور چارجر کا استعمال کیا جائے۔

فون کو تنہا چھوڑ دیں

بہتر ہے کہ چارجنگ کے دوران فون کا استعمال کم از کم کریں۔

چارجنگ کے دوران فون کو استعمال کرنے سے وہ سست روی سے چارج ہوتا ہے خاص طور پر اگر آپ زیادہ ریسورسز استعمال کرنے والی ایپس استعمال کرتے ہیں۔

اس سے طویل المعیاد بنیادوں پر بیٹری لائف بھی متاثر ہوتی ہے کیونکہ بیٹری کا درجہ حرارت بڑھنے سے فون کو نقصان پہنچتا ہے۔

درجہ حرارت کا خیال رکھیں

زیادہ یا کم درجہ حرارت سے بھی بیٹری لائف متاثر ہوتی ہے بلکہ مستقل نقصان پہنچ سکتا ہے۔

تو کوشش کریں کہ فون کو کمرے کے درجہ حرارت میں رکھ کر چارج کریں، جبکہ کبھی بھی سورج کی روشنی میں چارج نہ کریں۔

فون بند کردیں

اگر آپ کو فون چارجنگ کے دوران بند ہو تو وہ معمول سے زیادہ تیزرفتاری سے چارج ہوتا ہے، کیونکہ چارجنگ کے دوران اسے کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہوتا۔

یقیناً زیادہ دیر تک فون بند رکھنے سے ضروری کالز یا میسجز تک رسائی نہیں ہوتی مگر 15 منٹ کے لیے بھی ایسا کرنا فون کو کافی حد تک چارج کردیتا ہے۔

مزید خبریں :