22 جنوری ، 2013
صنعا…یمن میں امریکی ڈرون حملے میں القاعدہ کے چار مشتبہ جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔ یمن کے وسطی صوبہ مآرب کے شہر العطیف میں ایک فضائی حملے میں جنگجوؤں کے زیر استعمال گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے لیکن بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ حملہ کس نے کیا ہے؟ یمن کے قبائلی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک بغیر پائلٹ جاسوس طیارے نے مآرب اور دارالحکومت صنعا کے درمیان مرکزی شاہراہ پر ایک کار پر میزائل حملہ کیا جس کے نتیجے میں کار کو آگ لگ گئی اور اس میں سوار القاعدہ کے چار مشتبہ جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔واضح رہے کہ امریکی سی آئی اے نے بغیر پائلٹ جاسوس طیاروں سے یمن میں گزشتہ سال سے حملے تیز کر رکھے ہیں لیکن امریکا نے سرکاری طور پر کبھی ان حملوں کی ذمے داری قبول نہیں کی اور نہ یمنی حکومت کی جانب سے ان حملوں کے خلاف کوئی احتجاجی بیان سامنے آیا ہے۔