23 جنوری ، 2024
اڈيالا جیل میں قید تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سوال کیا ہے۔
جیل میں صحافیوں سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ بلاول سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آج آپ کو نواز شریف کی انتقامی سیاست اب نظر آرہی ہے تب کیوں نہیں نظر آئی جب آپ نے شہباز شریف کی حکومت کے اندر وزیر خارجہ کا حلف اٹھایا؟ بلاول کہتا ہے کہ ہم بھٹو کے وارث ہیں تو انہوں نے پی ڈی ایم بنا کر ضیاالحق کے وارثوں کیساتھ الحاق کیوں کیا؟
ان کا کہنا تھاکہ آئی پی پی نے چند سیٹوں کیلئے اپنی پارٹی کی قربانی دے دی ہے، ملتان میں جہانگیر ترین ن لیگ کی مدد مانگ رہا ہے، لودھراں میں ن لیگ کی مخالفت کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پی نے 51 سیٹوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور 7 پر ایڈ جسٹمنٹ کی۔
ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ سائفر صرف اور صرف سیکرٹری خارجہ کے دیکھنے کیلئے تھا، قومی سلامتی کمیٹی نے سیاسی مداخلت کو مانا سائفر آنے کے بعد بانی پی ٹی آئی نے کہا جتنے بھی پارلیمانی لیڈر ہیں سب کو بریف کیا جائے جس پر سیکرٹری خارجہ نے تمام پارلیمانی لیڈروں کو سائفر پر بریفنگ بھی دی۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ جاوید ہاشمی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جاوید ہاشمی نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے مہم کی قیادت کرنے کا اعلان کیاہے، جاوید ہاشمی کے شکر گزار ہیں جاوید ہاشمی نے حق اور سچ کا جھنڈا بلند کیا ہے۔