Time 24 جنوری ، 2024
کھیل

پی سی بی میں چیئرمین کے انتخاب کیلئے 4 ہفتوں کا وقت

پی سی بی آئین کے مطابق الیکشن میں منتخب چیئرمین کو انتخاب کے بعد ایک ہفتے میں چارج لینا ہوگا/ فائل فوٹو
پی سی بی آئین کے مطابق الیکشن میں منتخب چیئرمین کو انتخاب کے بعد ایک ہفتے میں چارج لینا ہوگا/ فائل فوٹو

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیئرمین  کے انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن  کے پاس 4 ہفتوں کا وقت ہے۔

پی سی بی آئین کے آرٹیکل 7 شق 2 کے تحت الیکشن کمشنر کے پاس انتخابات کیلئے 4 ہفتے ہیں جس کے تحت چیئرمین کا عہدہ خالی ہونے کے بعد  4  ہفتوں کے اندر انتخابات کرانا ہوں گے۔

پی سی بی آئین کے مطابق الیکشن میں منتخب چیئرمین کو انتخاب کے بعد ایک ہفتے میں چارج لینا ہوگا۔

نگران وزیراعظم نے ذکا اشرف کے استعفے کی منظوری 22 جنوری کو نوٹیفائی کی، استعفے کی منظوری کے ساتھ آئینی طور پر چیئرمین کے اختیارات الیکشن کمشنر شاہ خاور کو منتقل ہوئے۔

شاہ خاور کیلئے بطور قائم مقام چیئرمین پہلا ٹاسک بی او جی کی تشکیل ہے، بی او جی کی تشکیل مکمل ہونے کے بعد انتخابات کیلئے بی او جی کا غیر معمولی اجلاس بلایا جائے گا۔

بی او جی میں وزیر اعظم نے پنجاب کے نگران وزیر اعلی محسن نقوی کو نامزد کیا ہے اور وہ ہی چیئرمین کے مضبوط امیدوار ہیں، محسن نقوی کے پاس پی سی بی الیکشن میں جانے سے قبل نگران وزیر اعلی کی ذمہ داری مکمل کرنے کا موقع موجود ہے۔

آئی سی سی قوانین کی وجہ سے چیئرمین بننے سے قبل محسن نقوی کو سرکاری عہدہ چھوڑنا ہوگا، فروری کے آخر تک محسن نقوی تمام سرکاری ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوسکیں گے۔

مزید خبریں :