24 جنوری ، 2024
واٹس ایپ میں بہت جلد ایسے فیچر کا اضافہ ہونے والا ہے جس کا صارفین نے پہلے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔
میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ کی جانب سے یورپی یونین کے ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ پر عملدرآمد کے لیے تھرڈ پارٹی چیٹ آپشن کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
یہ واٹس ایپ کا ایسا فیچر ہے جس کے ذریعے صارفین دیگر میسجنگ ایپس جیسے ٹیلی گرام اور سگنل وغیرہ پر بھی دوستوں سے چیٹ کر سکیں گے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا (beta) ورژن میں اس فیچر کا اشارہ دیا گیا ہے۔
یورپ میں واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارمز ہیں مگر نئے یورپی قانون کے تحت ٹیکنالوجی کمپنیوں کو چیٹ انٹرپورٹ ایبلٹی کو ممکن بنانا ہوگا۔
واٹس ایپ کے ساتھ ساتھ میٹا کی جانب سے فیس بک میسنجر میں بھی کراس پلیٹ فارم میسجنگ کے فیچر کو متعارف کرانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کے تحت بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں جیسے ایمازون، میٹا، ایپل، مائیکرو سافٹ اور الفابیٹ کو گیٹ کیپر قرار دیتے ہوئے نئے قوانین پر عملدرآمد کے لیے اپریل 2024 کی مہلت دی گئی ہے۔
یعنی واٹس ایپ میں یہ نیا فیچر اپریل 2024 تک متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
اس نئے ایکٹ کے تحت میسجنگ سروسز کو کراس پلیٹ فارم میسجنگ کے فیچر کو یقینی بنانا ہوگا۔
جیسا اوپر درج کیا جا چکا ہے کہ اس سے واٹس ایپ میں رہتے ہوئے دیگر ایپس کے صارفین سے چیٹ کرنا ممکن ہو جائے گا۔
مثال کے طور پر اگر آپ سگنل ایپ استعمال کر رہے ہیں تو واٹس ایپ صارف کو میسج بھیج سکیں گے اور اس کے لیے واٹس ایپ اکاؤنٹ کی بھی ضرورت نہیں ہوگی۔
اسی طرح واٹس ایپ میں رہتے ہوئے ٹیلی گرام یا سگنل استعمال کرنے والے دوست سے چیٹ کی جا سکے گی اور ان ایپس کے اکاؤنٹس کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔