22 جنوری ، 2013
کوئٹہ…بلوچستان ہائیکورٹ نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں نامزد سابق وزیر اعلی بلوچستان سمیت تین ملزمان کی عبوری ضمانت میں توثیق مسترد کرتے ہوئے انھیں ٹرائیل کور ٹ سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا۔بلوچستان ہائیکورٹ میں جسٹس جمال مند و خیل کی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں نامزد تین ملزمان سابق وزیر اعلی جام محمد یوسف،سابق وفاقی وزیر داخلہ آ فتا ب شیرپاو اور صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب نوشیروانی کی عبوری ضمانتوں میں توثیق کو مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو ٹرائیل کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیا ہے ۔نواب اکبر بگٹی قتل کیس کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ قتل کیس میں بیرون ملک ملزمان کی گرفتاری سے متعلق صورتحال واضح نہیں ہے جس پر ہائیکورٹ نے وفاقی اور صوبائی حکو مت سے اس بارے میں وضاحت طلب کر لی ہے۔نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سما عت انسداد دہشت گردی میں بھی کی جا رہی ہے۔