Time 25 جنوری ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

ٹک ٹاک نئے فیچر کے ذریعے یوٹیوب کو براہ راست ٹکر دینے کیلئے تیار

ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / اے ایف پی فوٹو
ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / اے ایف پی فوٹو

ٹک ٹاک اب حقیقی معنوں میں دنیا کی مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ سروس یوٹیوب کو براہ راست ٹکر دینے کے لیے تیار ہے۔

چینی سوشل میڈیا ایپ کی جانب سے 30 منٹ طویل ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ ٹک ٹاک نے چند سیکنڈ کی ویڈیوز کے ذریعے دنیا بھر میں تیزی سے مقبولیت حاصل کی تھی۔

درحقیقت اس ویڈیو شیئرنگ ایپ کی مقبولیت نے دیگر کمپنیوں جیسے انسٹاگرام، فیس بک اور یوٹیوب وغیرہ کو بھی مختصر ویڈیوز کے فیچر کو اپنانے پر مجبور کر دیا۔

اب ایک طرف جب دیگر کمپنیاں مختصر ویڈیوز پر زیادہ توجہ مرکوز کر رہی ہیں، وہیں دوسری جانب ٹک ٹاک اب زیادہ طویل دورانیے کی ویڈیوز کو اپنے پلیٹ فارم کا حصہ بنانے کے لیے تیار ہے۔

سوشل میڈیا سروسز کی لیکس کے حوالے سے معروف Matt Navarra نے ٹک ٹاک ویڈیوز کے دورانیے میں اضافے کے بارے میں بتایا۔

انہوں نے یہ آپشن برطانیہ کے لیے ٹک ٹاک کے آئی او ایس بیٹا (beta) ورژن میں دریافت کیا تھا۔

انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ کچھ صارفین نے ٹک ٹاک کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن میں بھی اس آپشن کو دیکھا ہے۔

کمپنی کی جانب سے فی الحال اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

ابھی ٹک ٹاک پر 10 منٹ طویل ویڈیو پوسٹ کی جا سکتی ہے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے بتدریج ویڈیوز کے وقت میں اضافہ کیا گیا ہے، پہلے 15 سیکنڈ سے بڑھا کر 60 سیکنڈ کیا گیا اور جولائی 2021 میں یہ دورانیہ 3 منٹ جبکہ فروری 2022 میں 10 منٹ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے چند ماہ قبل 15 منٹ طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کے فیچر کی آزمائش بھی شروع کی گئی تھی۔

اس کی تصدیق بھی کمپنی کی جانب سے کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ اس نئے فیچر کی آزمائش مخصوص خطوں کے محدود صارفین میں کی جا رہی ہے۔

طویل ویڈیوز سے کریٹیرز کو وہ مواد زیادہ بہتر بنانے میں مدد ملے گی جو محدود وقت کے باعث زیادہ متاثرکن نہیں ہوتا۔

کمپنی کو توقع ہے کہ ویڈیوز کے دورانیے میں اضافے سے ایسے تخلیق کاروں کو کھینچنے میں مدد ملے گی جو اس وقت اپنا مواد یوٹیوب میں پوسٹ کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ 30 منٹ طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کا فیچر کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

مزید خبریں :