26 جنوری ، 2024
گوگل نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی ویڈیو تیار کرنے والا نیا ٹول متعارف کرایا ہے۔
کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ Lumiere نامی اے آئی ویڈیو ٹول صارف کی تحریری ہدایات پر ویڈیوز تیار کرے گا۔
ابھی یہ ٹول عام افراد کے لیے متعارف نہیں کرایا گیا بلکہ اس کے حوالے سے ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اس ٹول کی مدد سے صارفین سادہ تحریری ہدایات کے ذریعے ہائی کوالٹی ویڈیوز تیار کر سکیں گے۔
خیال رہے کہ ابھی ایسے اے آئی ٹولز دستیاب ہیں جن میں تحریری ہدایات سے تصاویر تیار کی جاسکتی ہیں مگر اب گوگل کی جانب سے ویڈیو کی تیاری میں مدد فراہم کرنے والے ٹول پر کام کیا جا رہا ہے۔
گوگل کا کہنا تھا کہ اس ٹول کے آزمائشی نتائج بہترین ثابت ہوئے ہیں۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ یہ ٹول ٹیکسٹ سے ویڈیو تو کرتا ہی ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ تصاویر سے بھی ویڈیوز تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ابھی گوگل کی جانب سے اس ٹول کی زیادہ تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں مگر اس کے پراجیکٹ پیج کے مطابق یہ ایک اسپیس ٹائم diffusion ماڈل ہے۔
گوگل ریسرچ نے اسے تیار کیا ہے اور کمپنی کے مطابق یہ ٹول اسپیس ٹائم اسکیلز پراسیس کے ذریعے ٹیکسٹ سے ویڈیو تیار کرتا ہے جو دیکھنے میں حقیقی نظر آتی ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ اس طرح کے دستیاب اے آئی ماڈلز میں سب سے بہتر ہے۔