28 جنوری ، 2024
ایران کے وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان آج رات اسلام آباد پہنچیں گے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق دورے کے دوران حسین امیرعبداللہیان نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی سےملاقات کریں گے اور دونوں وزرائے خارجہ میں کل وزارت خارجہ میں ملاقات کا امکان ہے۔
سفارتی ذرائع نے کہا کہ ملاقات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
سفارتی ذرائع نے بتایاکہ ایرانی وزیرخارجہ کے دورے کے دوران اعلیٰ پاکستانی قیادت سےبھی ملاقاتیں متوقع ہیں جن میں حالیہ پاک ایران کشیدگی، کالعدم گروہوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر تبادلہ خیال ہوگا، اس کے علاوہ سرحدی انتظام سمیت متعدد اہم امور پر بات کی جائے گی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق پاک ایران تناؤسے بچنے کیلئے سفارتی رابطے مزید بہتر بنانے پر بھی غورکیا جائے گا، دونوں ممالک باہمی اعتماد کی بحالی کیلئے اقدامات پر بھی بات چیت کریں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حسین امیرعبداللہیان نگران وزیرخارجہ کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں، انہوں نے 19جنوری کو ٹیلیفونک رابطے میں ایرانی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی۔