Time 30 جنوری ، 2024
کاروبار

کسی بھی جگہ سے نئے کرنسی نوٹ کی تبدیلی کی سہولت ہونی چاہیے: شبر زیدی

پرانے نوٹ واپس کرنے کی مہلت ایک سال سے 6 ماہ تک کی ہونی چاہیے: سابق چیئرمین ایف بی آر/ فائل فوٹو
پرانے نوٹ واپس کرنے کی مہلت ایک سال سے 6 ماہ تک کی ہونی چاہیے: سابق چیئرمین ایف بی آر/ فائل فوٹو

کراچی: سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے اسٹیٹ بینک کے نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کے فیصلے پر کہا ہےکہ کسی بھی جگہ سے کرنسی نوٹ کی تبدیلی کی سہولت ہونی چاہیے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ پرانے نوٹ واپس کرنےکی مہلت ایک سال سے 6 ماہ تک کی ہونی چاہیے اورکسی بھی متعلقہ جگہ سے تبدیلی کی سہولت ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ گورنراسٹیٹ بینک کا نئےکرنسی نوٹ جاری کرنےکا اعلان قابلِ تحسین ہے، ایک خاص مالیت سے زیادہ کے نوٹ کی تبدیلی پر شناختی کارڈ کی شرط رکھی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک نے تمام مالیت کے نئےکرنسی نوٹ لانےکا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے بیان میں کہا تھا کہ نئے نوٹ بین الاقوامی سکیورٹی فیچر کے ساتھ چھاپے جائیں گے، نوٹ نئے سیریل نمبر، ڈیزائن اور ہائی سکیورٹی فیچر کے ساتھ متعارف کرائے جائیں گے۔