31 جنوری ، 2024
مغربی ہواؤں کے سلسلے کے زیر اثر کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی جبکہ بدھ کو بھی کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ایم اے جناح روڈ، صدر، کھارادر، کلفٹن، ڈیفنس، اورنگی، نیا ناظم آباد اور اطراف کے علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی میں یہ رواں برس موسم سرما کی پہلی بارش تھی۔
محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں بدھ کے روز بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے 4 فروری تک ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی بھی کی ہے۔
کراچی سمیت سندھ کے مختلف مقامات پر 2 سے 3 فروری کے دوران ہلکی سے درمیانی شدت کی بارشوں کا امکان ہے۔
دوسری جانب مری اور گلیات میں دوبارہ سے ہلکی برفباری کے بعد سردی میں اضافہ ہو گیا۔ آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی درجہ حرارت گرگیا۔
بالائی علاقوں میں برفباری اور بارش کا سلسلہ جاری رہنے سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، جبکہ لاہور اور پنجاب کے متعدد شہروں بھی ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔