02 فروری ، 2024
واٹس ایپ میں صارفین کی پرائیویسی اور سکیورٹی کو ترجیح دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
یہی وجہ ہے کہ موبائل ایپ کے بعد میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کی جانب سے چیٹ لاک فیچر واٹس ایپ کے ویب صارفین کے لیے بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ چیٹ لاک فیچر مئی 2023 میں موبائل ایپس کے لیے متعارف کرایا گیا تھا جس کے ذریعے مختلف چیٹس کو ایک فولڈر میں محفوظ کیا جاتا ہے جبکہ ان تک رسائی فون ان لاک کے طریقہ کار سے ممکن ہوتی ہے۔
بعد ازاں چیٹ لاک فیچر کو زیادہ بہتر بنانے کے لیے سیکرٹ کوڈ فیچر بھی متعارف کرایا گیا۔
اب کئی ماہ بعد واٹس ایپ کی جانب سے یہ فیچر ویب ورژن کا حصہ بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
Wabetainfo کی رپورٹ کے مطابق میسجنگ ایپ کے ویب ورژن میں لاک چیٹ فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جس سے مخصوص چیٹس کو زیادہ سکیورٹی اور پرائیویسی مل سکے گی۔
اس فیچر پر ابھی کام جاری ہے اور ویب ورژن کے بیٹا (beta) ورژن میں اس کا اشارہ دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ویب ورژن پر بھی یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ورژنز کی طرح ہی کام کرے گا۔
یہ فیچر ایسے افراد کے لیے بہت زیادہ مددگار ثابت ہوگا جو کسی دفتر میں واٹس ایپ کو کمپیوٹر پر استعمال کرتے ہیں۔
اس فیچر کے ذریعے وہ ذاتی تفصیلات، خفیہ یا حساس معلومات دیگر افراد کی رسائی سے دور رکھ سکیں گے۔
ابھی اس فیچر پر کام جاری ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک ویب ورژن کے صارفین کے لیے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔