04 فروری ، 2024
شہر قائد میں گزشتہ شب طوفانی بارش کے بعد پیدا ہونے والی ابتر صورتحال پر ایم کیو ایم پاکستان اور جماعت اسلامی نے پیپلز پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کچھ دیر کی بارش سے کراچی تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے، ابتر صورتحال نے بلدیاتی نمائندوں کی کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا ہے کہ کراچی کی سڑکوں پر نہ بلدیاتی نمائندے ہیں اور نہ ٹریفک پولیس ہے۔
دوسری جانب ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ میئر کراچی کے ماتحت واٹر بورڈ کا عملہ کدھر ہے؟ نالوں کی صفائی میں کرپشن نہ ہوتی تو نظام بلاک نہ ہوتا۔
جماعت اسلامی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خطرہ ہےکلک کے تحت بنائی گئی سڑکیں پھر بہہ جائیں گی، شارع فیصل پر لوگ پھنسے ہوئے ہیں، جواب کون دے گا ؟
واضح رہے کہ کراچی میں ہفتے کی رات موسلا دھار بارش ہوئی جس سے شہر کا نظامِ درہم برہم ہوگیا، اس کے علاوہ اتوار کی صبح بھی کئی علاقوں میں بارش ہوئی۔