Time 04 فروری ، 2024
پاکستان

کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی تیز بارش

گزشتہ شب بھی کراچی میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی تھی۔ فوٹو فائل
گزشتہ شب بھی کراچی میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی تھی۔ فوٹو فائل

کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح ایک بار پھر تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے کراچی شہر میں آج بھی پورا دن وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے اور اس حوالے سے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ شہر میں کہیں معتدل اور کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی، اسکیم 33، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال اور اطراف کے علاقوں میں تیز بارش ہوئی۔

موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق کلفٹن میں 82 ملی میٹر فی گھنٹہ کی رفتار  سے تیز  بارش ہوئی، مغربی سسٹم کا کچھ حصہ شہر پر انتہائی متحرک ہے۔

گزشتہ روز کراچی میں سب سے زیادہ بارش پی اے ایف فیصل شارع پر 75 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، سرجانی ٹاؤن میں 63.8 ملی میٹر اور ملیر ہالٹ میں 64 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اولڈ ائیرپورٹ ایریا میں 51 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے کم بارش کورنگی میں 23 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ شب کراچی میں ہونے والی طوفانی بارش کا پانی اب بھی مختلف مقامات پر موجود ہے جبکہ شہر میں برسات کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے اور کورنگی کازوے سے برساتی پانی کا اخراج جاری ہے۔

کراچی میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے تھے، ڈیفنس کورنگی روڈ پرپانی جمع اور ٹریفک جام ہونے سے کئی گاڑیاں خراب ہوگئیں جبکہ شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی بھی معطل ہو گئی تھی۔

مزید خبریں :