06 فروری ، 2024
نگران وفاقی کابینہ کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ 9 مئی حملوں کا مقصد پاک فوج میں دراڑ ڈالنا تھا، حملے باقاعدہ سوچی سمجھی سازش تھے۔
دی نیوز کے ایڈیٹرانویسٹی گیشن انصار عباسی کی رپورٹ میں ذرائع سے متعلق کہا گیا ہے کہ 9 مئی واقعات کے ماسٹرمائنڈ، سازش کرنے والوں اورمنصوبہ سازوں میں مقامی اور غیر ملکی عناصر شامل تھے۔
رپورٹ میں ذرائع نے کہا کہ کمیٹی کی یہ رپورٹ پی ٹی آئی اور اس کی اعلیٰ قیادت کیلئے پریشانی کا سبب ہوگی، تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق یہ طے تھا کہ پی ٹی آئی والے بانی چیئرمین کی گرفتاری پر کس طرح کے ردعمل کا اظہار کریں گے،غلط معلومات کا پھیلاؤ، جعلی پروپیگنڈا اور جعلی خبریں چلانا بھی اِسی منصوبے کا حصہ تھا۔
کمیٹی 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری، قانونی اور انتظامی نوعیت کی کارروائی کیلئے کمیشن کی تشکیل کی سفارش کرسکتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 9 مئی کو سابق وزیراعظم عمران خان کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے القادر ٹرسٹ منی لانڈرنگ اسکینڈل میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتار کیا تھا۔
ان کی گرفتاری کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی گئی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔