07 فروری ، 2024
بھارت میں لوگ بیٹی کی شادی پر باراتیوں سمیت تمام مہمانوں کو مہنگے تحائف دیتے ہیں لیکن حال ہی میں بھارتی شخص نے اپنی بیٹی کی شادی میں شریک مہمانوں کو ہیلمٹ کا تحفہ دے کر حیران کردیا۔
بھارتی ریاست چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والےسید یادو نے اپنی بیٹی کی شادی پر 60 کے قریب ہیلمٹ مہمانوں کو بطور تحفہ دیے ہیں۔
مہمانوں کیلئے ہیلمٹ کا ہی تحفہ کیوں؟
بھارتی میڈیا کے مطابق روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے سید یادو نے مہمانوں کو ہیلمٹ کا تحفہ دیا ہے دوسری جانب سید یادو کی فیملی نے ہیلمٹ پہن کر شادی پر ڈانس بھی کیا۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے سید یادو نے کہا کہ میں نے اپنی بیٹی کی شادی کو روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی دینے کا بہترین موقع تصور کیا، اس دوران میں نے مہمانوں کو بتایا ہے کہ زندگی بہت قیمتی ہے۔
سید یادو نے بتایا کہ ہم نے تحفے کیساتھ ساتھ مہمانوں سے گزارش کی ہے کہ گاڑی چلاتے وقت شراب کا استعمال نہ کریں کیونکہ زیادہ تر سڑک حادثات اسی وجہ سے ہوتے ہیں۔