07 فروری ، 2024
غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے قطر اور مصر کے مجوزہ فریم ورک پر فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اپنی تجاویز دے دیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی کوششیں دوبارہ شروع ہوگئیں، قطر اور مصر کے مجوزہ فریم ورک پر حماس نے اپنی تجاویز دے دی ہیں۔
حماس نے غزہ میں ساڑھے چار ماہ کیلئے جنگ بندی کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کے دوران تمام اسرائیلی یرغمالی آزاد کر دیےجائیں گے۔
حماس کی تجویز ہے کہ اسرائیل غزہ سے اپنی افواج نکال لے اور غزہ میں جنگ بند کردے۔
حماس کے سیاسی بیورو کے رکن عزت الرشیق نے جنگ بندی تجاویز کی تصدیق کردی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ جنگ بندی تجاویز اسرائیل اور امریکا کو بھیج دی گئی ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق جنگ بندی کے دوران غزہ کی تعمیر نو شروع کی جائے گی اور لاشوں اور باقیات کا تبادلہ کیا جائے گا۔