10 فروری ، 2024
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف کا کہنا ہے نواز شریف اب جاگ جائیں ان کا وزیراعظم بننے کا خواب چکنا چور ہو چکا ہے۔
سابق وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کےحمایت یافتہ امیدوار ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے ہیں، عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کیا گیا تو لوگ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔
علی محمد خان نے کہا کہ اب سڑکوں پر نہیں پارلیمان میں سیاست اور عوام کے ملک کے مسائل حل کرنے کا وقت ہے، پی ٹی آئی کارکنوں کو احتجاج کرنے پر مجبور نہ کیا جائے، ملک کو آگے لیکر جانے کی ضرورت ہے، اسی لیے عوام کے فیصلے کو تسلیم کیا جائے۔
دوسری جناب تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا سمیت پورے پاکستان میں ہمیں اکثریت ملی، الیکشن سے پہلے اور بعد میں مختلف سیٹوں پر ہماری اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش ہو رہی ہے، جمہوریت کے دشمن تحریک انصاف کی فتح کو شکست میں بدلنے کیلئے بدترین دھاندلی کر رہے ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ نواز شریف اپنی ہٹ دھرمی چھوڑ کر عوامی فیصلے کا احترام کریں، ان کے وزیراعظم بننے کا خواب چکنا چور ہو چکا، اب جاگ جائیں، نواز شریف تسلیم کر لیں کہ عوام نے آپ کو مسترد کر دیا ہے، مسلم لیگ ن کے سنجیدہ رہنما میاں صاحب کو مشورہ دیں کہ بڑے پن کا مظاہرہ کریں، جعلی وزیراعظم بن کر ذلت کا سودا نہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے ہاتھ پاؤں باندھ کر الیکشن میں اتارا گیا،گزشتہ روز نواز شریف کی پریشانی ان کے چہرے سے عیاں تھی، نواز شریف کی بھرائی ہوئی آواز سے ہی ان کی خفت جھلک رہی تھی۔