12 فروری ، 2024
کراچی کے لیاقت آباد گورنمنٹ اسپتال میں گزشتہ روز آگ سے جھلسنے والا ایک زخمی دم توڑ گیا۔
نگران وزیر صحت سندھ ڈاکٹرسعد خالد نے بتایاکہ گزشتہ روز اسپتال میں آگ لگنے سے 7 افراد جھلس گئے تھے جن میں سے ایک زخمی اسپتال کا ملازم دم توڑگیا۔
انہوں نے بتایاکہ آگ سے جھلسنے والے 5 افراد کو نجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور ان زخمیوں کے علاج کے تمام اخراجات محکمہ صحت سندھ برداشت کرے گا۔
واقعے میں زخمی ہونے والے دو مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب واقعے کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آگئی جس میں 3 افراد کو شعلوں کی لپیٹ میں دیکھا جاسکتا ہے۔
اسپتال کے ایم ایس کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث ایمرجنسی کے سامنے ادویات کے کمرے میں لگی تھی۔ انھوں نے مزید کہا کہ کمرے میں فریج بھی موجود تھا، یہ اندازہ نہیں ہوا کہ کہیں کوئی گیس نہ لیکج ہوگئی ہو۔
ایم ایس کے مطابق ادویات کے کمرے میں تقریباً 4 سے 5 افراد موجود تھے۔