13 فروری ، 2024
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پی پی سے پاور شیئرنگ کے سوال پر جواب میں کہا کہ مجھے کوئی ٹرم نہیں چاہیے صرف پاکستان کی خوشحالی چاہیے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عام انتخابات کےبعد الیکشن کمیشن پر بہت الزامات لگائے گئے ہیں، دھاندلی اور لیول پلیئنگ فیلڈ کے الزامات لگائے گئے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں 2018 میں جعلی الیکشنز کے ذریعے ہرایا گیا لیکن ہم نے کوئی جلاؤ گھیراؤ نہیں کیا، اب الیکشن کے رزلٹ آچکے ہیں، (ن) لیگ نمبر ون سیاسی جماعت ہے، پیپلز پارٹی دوسری سیاسی جماعت ہے، اب اگلا مرحلہ شروع ہونا ہے، پارلیمان میں اب سارا عمل ہوگا۔
لیگی صدر کا کہنا تھا کہ الیکشن میں سب سے بڑی پارٹی مسلم لیگ ن ہے، دوسری سیاسی جماعت پیپلز پارٹی ہے، رزلٹ آچکے ہیں، اب اگلا مرحلہ شروع ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد اراکین اگر حکومت بناسکتے ہیں تو شوق سے بنائیں، آزاد اکثریت دکھا دیتے ہیں تو ہم شوق سے اپوزیشن میں بیٹھیں گے، آزاد حکومت نہیں بناسکتے تو دوسری پارٹیزباہمی مشاورت سے اپنا فیصلہ کریں گے۔