18 فروری ، 2024
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وفاق اور پنجاب میں مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) سے اتحاد کا فیصلہ تبدیل کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اور وفاق میں مجلس وحدت مسلمین کے بجائے سنی اتحادکونسل سے اتحاد ہوگا، سنی اتحاد کونسل کے پلیٹ فارم پرپی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی شامل ہوں گے۔
پی ٹی آئی ذرائع نے بتایا ہےکہ پی ٹی آئی کی وکلا قیادت مجلس وحدت مسلمین کے اتحاد سے ناخوش تھی جب کہ سیاسی قیادت کی جانب سے مجلس وحدت مسلمین کےساتھ اتفاق کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ اتحاد پر عمران خان نے بھی فیصلہ دیا تھا اور ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے مجلس وحدت مسلمین کے ساتھ اتفاق سے آگے بڑھنے کا اعلان کیا تھا۔
اس حوالے سے سربراہ سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے جیو نیوز سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اب سنی اتحاد کونسل سے اتحادکرےگی، پنجاب اور سندھ میں اتحاد کے لیے معاملات طے پاچکے ہیں، وفاق، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی ہماری خدمات حاضر ہیں۔
صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹ کر کھڑا ہوں۔
ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی آج اسلام آباد میں ملاقات بھی متوقع ہے۔