Time 18 فروری ، 2024
پاکستان

طے تھا کمیٹیوں کے رکن یا رہنما زیرغور نکات پر بیان نہیں دے گا، اکابرین پاسداری کریں: ڈار

طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مشاورت مکمل ہونے سے پہلے کوئی بات کرنا مناسب نہیں، فریقین کے درمیان ابھی تک حتمی نکات طے نہیں پائے: رہنما ن لیگ— فوٹو:فائل
طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مشاورت مکمل ہونے سے پہلے کوئی بات کرنا مناسب نہیں، فریقین کے درمیان ابھی تک حتمی نکات طے نہیں پائے: رہنما ن لیگ— فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما اسحاق ڈار نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو حکومت سازی سے متعلق بیان نہ دینے کے وضع کردہ ضابطےکی پاسداری کی ہدایت کردی۔

اپنے بیان میں اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ اکابرین مسلم لیگ ن اورپیپلزپارٹی کمیٹیوں کے وضع کردہ ضابطےکی پاسداری کریں، طے ہوا تھا کوآرڈی نیشن کمیٹیوں کے رکن یا رہنما زیرغور نکات پر بیان نہیں دے گا۔

انہوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان ابھی تک حتمی نکات طے نہیں پائے، مختلف تجاویز پر گزشتہ روز تک مشاورت جاری رہی۔

ان کا کہنا تھاکہ مشاورت کے چار دور مکمل ہوئے، کل پانچویں نشست طے ہو چکی ہے، کل کے اجلاس میں اہم پیش رفت متوقع ہے، مشاورت مکمل ہونے پر دونوں جماعتوں کا باضابطہ مشترکہ اعلامیہ جاری ہوگا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھاکہ طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مشاورت مکمل ہونے سے پہلے کوئی بات کرنا مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ دن پہلےچوہدری شجاعت کے گھر کافی سیاسی جماعتیں موجود تھیں، تمام جماعتوں نے ایک ہی بات کی کہ ملک کو بھنور سے نکالنے کیلئے مل کر چلنا چاہیے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور مسلم لیگ (ق) نے مل کر حکومت بنانے کا اعلان کیا ہے اور حکومت سازی سے متعلق ن لیگ اور پی پی کے مذاکرات جاری ہیں۔

مزید خبریں :