18 فروری ، 2024
پاکستان تحریک انصاف، مجلس وحدت المسلمین اورسنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں کی اہم ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں علامہ راجہ ناصرعباس، بیرسٹرگوہر ور صاحبزادہ حامد رضا نے شرکت کی جبکہ پی ٹی آئی کے نامزد وزیراعظم عمر ایوب بھی ملاقات میں موجود تھے۔
ذرائع نے بتایاکہ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں جماعتوں کے قائدین کی ملاقات میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں سے متعلق امور پر بھی مشاورت کی گئی۔
خیال رہے کہ ملک میں عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی 92 نشستوں پر پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے کئی کامیاب امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد انہیں 3 دن میں کسی بھی جماعت میں شمولیت یا آزاد حیثیت برقرار رکھنے کا فیصلہ کرنا ہے۔